پرو ہاکی لیگ: ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی کا عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان

01:11 PM, 19 Feb, 2026

لاہور : آسٹریلیا میں پرو ہاکی لیگ کے دوسرے مرحلے کے دوران قومی ہاکی ٹیم کو ناقص رہائش اور خوراک کی فراہمی پر ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا۔

پریس کانفرنس میں طارق بگٹی نے کہا کہ پرو ہاکی لیگ کے لیے فنڈز پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے پاس تھے، مگر وہ ہمیں پیسے فراہم کرنے میں ناکام رہا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ساری مس مینجمنٹ پی ایس بی کی طرف سے ہوئی، جس کی وجہ سے ٹیم کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

طارق بگٹی نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے ہاکی کے لیے 25 کروڑ روپے جاری کیے تھے اور انہوں نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے درخواست کی کہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلائی گئیں اور کچھ غلط باتیں سامنے آئیں۔

یاد رہے کہ قومی ہاکی ٹیم کے کپتان نے آسٹریلیا سے واپس آ کر ان شکایات کا اظہار کیا تھا، جس پر وزیراعظم پاکستان نے فوری طور پر نوٹس لیا۔

مزیدخبریں