نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی انڈونیشیا اور مصر کے وفود سے ملاقاتیں، غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال

12:18 PM, 19 Feb, 2026

واشنگٹن : نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران انڈونیشیا اور مصر کے وفود سے ملاقاتیں کیں، جن میں غزہ کی موجودہ صورتحال پر تفصیل سے بات کی گئی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، اسحاق ڈار کی انڈونیشیا کے وزیرِ خارجہ سوجیونو سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات اور برادرانہ روابط کو مزید مستحکم کرنے پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر غزہ اور مغربی کنارے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں رہنماؤں نے فلسطین میں دیرپا اور منصفانہ امن کے لیے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس ملاقات میں دسمبر 2025 میں انڈونیشیا کے صدر کا پاکستان کا متوقع دورہ بھی اہمیت کا حامل قرار دیا گیا۔

دوسری جانب، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی مصر کی وزیرِ خارجہ بدر عبدالعاطی سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر بات کی گئی۔ ملاقات میں غزہ اور مغربی کنارے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور فوری طور پر انسانی امداد کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے سے قریبی رابطہ کاری کی اہمیت پر بھی بات کی۔

مزیدخبریں