نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا اسرائیلی جارحیت کی مذمت اور غزہ امن بورڈ اجلاس پر اظہار خیال

10:40 AM, 19 Feb, 2026

اسلام آباد : نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف واشنگٹن میں ہونے والے غزہ امن بورڈ اجلاس میں شرکت کریں گے اور امریکی صدر ٹرمپ کے امن منصوبے کی حمایت کریں گے۔

فلسطین کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے اسرائیلی جارحیت کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ پاکستان غزہ میں اسرائیل کی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی سخت مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل مسلسل سیز فائر کی خلاف ورزی کر رہا ہے، اور سیز فائر کا احترام کرنا ضروری ہے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ مستقل امن کے لیے باہمی احترام پر مبنی مذاکرات کی ضرورت ہے اور فلسطینی اتھارٹی کا مرکزی کردار اس تمام معاملے میں ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے حقِ خودارادیت کے بغیر کوئی بھی حل ممکن نہیں۔

انہوں نے غزہ سے فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کے اسرائیلی اقدامات کی بھی شدید مذمت کی۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف غزہ امن بورڈ کے اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا پہنچ چکے ہیں، جہاں ان کی امریکی قیادت اور عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔

مزیدخبریں