اللہ نے خصوصی بچوں کو حیرت انگیز صلاحیتوں سے نوازا ہے اور یہ بچے بھی قوم کے ہیں، شہباز شریف

03:19 PM, 19 Dec, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ خصوصی بچوں کو معاشرتی زندگی میں حصہ دار بنائے اور انہیں خودمختار و بااعتماد بنائے۔ وزیراعظم نے اسلام آباد میں آٹزم کے لیے سینٹر آف ایکسی لینس کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ان بچوں کے لیے نئی امید کی کرن بنے گا اور ان کی صلاحیتوں کو بہتر طریقے سے اجاگر کرے گا۔

انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ سینٹر کو دو سال میں مکمل کرنے کے بجائے ایک سال میں مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ خصوصی بچوں کو جلد سے جلد بہترین تربیت فراہم کی جا سکے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ نے خصوصی بچوں کو حیرت انگیز صلاحیتوں سے نوازا ہے اور یہ بچے بھی قوم کے ہیں۔ انہوں نے ایک بچے کا ذکر کیا جس نے میوزک کے ذریعے پاکستان کے لیے محبت کا پیغام دیا، جو ان بچوں کی غیر معمولی صلاحیتوں کا غماز ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ خصوصی بچوں کی تربیت اور رہنمائی ہمارا اجتماعی فرض ہے، اور جو بھی اس نیک کام میں حصہ ڈالے گا، وہ دنیا اور آخرت دونوں میں کامیاب ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس ادارے کو کامیاب بنانے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے اعلان کیا کہ سینٹر آف ایکسی لینس کے لیے 15 کوچز کی گرانٹ بھی فراہم کی جائے گی تاکہ ادارے کا کام تیز ہو سکے۔

قبل ازیں وزیراعظم کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور وہ آٹزم سے متاثرہ بچوں سے ملے، جنہوں نے قومی ترانہ پڑھا اور فن موسیقی کا مظاہرہ کیا، جس سے ان کی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار ہوا۔

وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج ہم قومی ارادے کو عملی شکل دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کسی کو معذوری کے باوجود بھی طاقت اور صلاحیت سے نوازتا ہے، اور یہ ادارہ خصوصی بچوں کو بوجھ نہیں بلکہ قوم کے قیمتی اثاثے بنانے کا کام کرے گا۔

آٹزم ایکسپرٹ عائشہ ہارون نے بتایا کہ انہوں نے برطانیہ میں خصوصی بچوں کے اداروں سے سیکھ کر 2009 میں پاکستان واپس آ کر اوئیسس سکول قائم کیا، جہاں آج 70 بچے زیر تعلیم ہیں۔ عائشہ ہارون کا کہنا تھا کہ والدین سے بڑھ کر کوئی خوشی نہیں، اور ان کا بچہ آٹزم کا شکار ہونے کے بعد ان کی زندگی کا رخ بدل گیا۔

مزیدخبریں