پنجاب حکومت کی قبضہ مافیا اور فراڈ کے خلاف سخت اقدامات کی تیاری

12:36 PM, 19 Dec, 2025

لاہور: پنجاب حکومت نے قبضہ مافیا اور پلاٹس کی خرید و فروخت میں فراڈ کرنے والوں کے خلاف سخت قانون سازی کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کی زیر صدارت بورڈ آف ریونیو میں ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور جعلی فائلوں کے خلاف سخت اقدامات پر بات کی گئی۔

اجلاس کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا کہ عوامی شکایات کے تدارک کے لیے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور جعلی فائل سسٹم کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی، اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی صوبے بھر میں ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری کے لیے جدید سافٹ ویئر تیار کرے گی۔ اس کے علاوہ، ریونیو ریکارڈ اور این او سیز کے معاملات کو 90 دنوں میں حل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کی تشہیر پر پابندی لگائی جائے گی، اور پراپرٹی ڈیلرز کو رجسٹرڈ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، جو افراد قوانین کی خلاف ورزی کریں گے، ان کے اثاثے اور اکاؤنٹس منجمد کرنے کی تجویز دی گئی۔ سیلابی پانی کی گزرگاہوں پر آبادکاری کی اجازت دینے کے بارے میں بھی سخت موقف اپنایا گیا۔

وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ وہ کسی بھی صورت میں غیر قانونی پلاٹس کی فروخت کو برداشت نہیں کریں گے، اور جو ہاؤسنگ سکیمیں اراضی کی اقساط کی ادائیگی کے بعد جگہ تبدیل کریں گی، ان کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔

بلال یاسین نے مزید کہا کہ جعلسازی، دھوکہ دہی اور فراڈ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت کے مطابق عوام کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

مزیدخبریں