لاہور :وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور کے گارڈن ٹاؤن پاسپورٹ آفس کا اچانک دورہ کیا، جہاں شہریوں کی طویل قطاریں، کئی کئی گھنٹے انتظار اور ایجنٹ مافیا کی سرگرمیاں سامنے آئیں۔
دورے کے دوران متعدد کاؤنٹرز خالی پائے گئے جبکہ بعض کاؤنٹرز پر عملہ بھی موجود نہیں تھا۔ شہریوں نے وزیر داخلہ کو پاسپورٹ کے حصول میں درپیش مشکلات اور دیگر شکایات سے آگاہ کیا۔
محسن نقوی نے صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بدانتظامی اور فرائض سے غفلت پر پاسپورٹ آفس کے انچارج ڈپٹی ڈائریکٹر شہزاد اسلم کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا۔
وزیر داخلہ نے پاسپورٹ آفس کے باہر ایجنٹ مافیا کی موجودگی کا بھی سخت نوٹس لیا اور ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ایف آئی اے لاہور کو بھی عہدے سے ہٹانے کا حکم جاری کردیا۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں، پاسپورٹ کے حصول کے عمل کو آسان بنایا جائے اور ایجنٹ مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی یقینی بنائی جائے۔