اسلام آباد: حالیہ مون سون بارشوں نے ملک بھر میں تباہی مچا دی ہے۔ این ڈی ایم اے کے چیئرمین نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک 670 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جب کہ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں سیلاب میں بہہ جانے والوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سڑکوں کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ فوج کی دو انجینئر بٹالینز خیبر پختونخوا اور دو گلگت بلتستان میں تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ راستوں کی بحالی اور امداد میں مدد دی جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ فوج کے میڈیکل کیمپس میں 6 ہزار سے زائد زخمیوں کو طبی امداد دی جا چکی ہے۔ بونیر اور شانگلہ جیسے علاقوں میں بھی خصوصی میڈیکل ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی ہدایت پر اضافی فوجی یونٹس متاثرہ علاقوں میں بھیجے گئے ہیں اور فوج کا ایک دن کا راشن بھی متاثرین کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
ریسکیو اور امدادی کارروائیاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں، اور تمام ادارے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی مدد کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔