خیبر پختونخوا میں سیلاب کے بعد پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری

01:41 PM, 19 Aug, 2025

پشاور : خیبر پختونخوا میں حالیہ شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پیدا ہونے والی مشکل صورتحال میں پاک فوج کا ریلیف آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے۔ شانگلہ، بونیر اور صوابی کے متاثرہ علاقوں میں آرمی انجینئرز کور اور امدادی ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں۔

صوابی کی تحصیل ٹوپی میں طوفانی بارشوں اور پہاڑی تودے گرنے کے بعد پاک فوج کی ٹیمیں فوری طور پر متاثرہ علاقوں ڈلورائی، سرکوئی اور بادہ میں پہنچیں اور سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

پیر بابا بائی پاس کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے جبکہ پیر بابا بازار سے ملبہ ہٹانے کا کام پوری رات جاری رہا تاکہ عوام کو آمدورفت میں سہولت دی جا سکے۔

اسی طرح گوکند گاؤں جانے والی سڑک پر تین مختلف مقامات سے لینڈ سلائیڈنگ صاف کر کے راستہ بحال کیا گیا ہے۔ آلوچ پران روڈ بھی آرمی انجینئرز کی بھاری مشینری کی مدد سے دوبارہ کھول دی گئی ہے۔

ادھر بیشونی اور قادر نگر میں سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں۔ اب تک بیشونی کے قریب نالے سے پانچ افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔

پاک فوج کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں متاثرہ علاقوں کی مکمل بحالی تک جاری رہیں گی۔

مزیدخبریں