اسلام آباد : نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور پولینڈ کے وزیر خارجہ کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں عالمی اور علاقائی سلامتی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، پولش وزیر خارجہ نے گفتگو کے دوران خصوصی طور پر ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ کشیدگی کو ختم کرنے اور جنگ بندی کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی مدبرانہ سفارتکاری کے ذریعے دنیا کو ایک بڑے ممکنہ بحران سے بچانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
پولینڈ کے وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو جون میں پولینڈ کے سرکاری دورے کی باضابطہ دعوت دی ہے۔
اس دورے کا مقصد اقتصادی تعاون، تجارتی حجم میں اضافہ اور یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کے روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔