نئی دہلی :عالمی جریدے ’’ایشیا ٹائمز‘‘ نے خلیجی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان اور بھارت کی خارجہ پالیسیوں پر ایک تفصیلی رپورٹ جاری کی ہے، جس میں بھارت کی یکطرفہ سفارتکاری پر کڑی تنقید کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی کی حد سے زیادہ اسرائیل نواز پالیسی نے خلیج میں بھارت کے تزویراتی مفادات کو نقصان پہنچایا ہے۔ بھارت اس بحران میں ایک فعال کردار ادا کرنے میں ناکام رہا ہے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ بھی مودی کی گفتگو انتہائی محدود رہی۔
بھارت کے برعکس، پاکستان کی متوازن خارجہ پالیسی عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ پاکستان نے کسی بھی بلاک کا حصہ بننے کے بجائے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور فریقین کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے۔ایشیا ٹائمز کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی برادری نے نہ صرف سراہا ہے بلکہ اسے خطے میں امن کے قیام کے لیے مؤثر ترین آواز تسلیم کیا ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایشیا ٹائمز کی رپورٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی حالیہ سفارتکاری نے بھارت کو عالمی محاذ پر پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ مودی کی جانب سے مخصوص عالمی ایجنڈوں کی حمایت نے انہیں تنہائی کا شکار کر دیا ہے جبکہ پاکستان ایک ذمہ دار اور پرامن ریاست کے طور پر ابھرا ہے۔
خلیجی بحران میں مودی کی اسرائیل نواز پالیسی ناکام، پاکستان خطے کا ’امن ساز‘ قرار؛ایشیا ٹائمز کا انکشاف
02:20 PM, 19 Apr, 2026