پی ایس ایل 10:ملتان سلطانز کی کمزور کارکردگی، پشاور زلمی کی 120 رنز سے کامیابی

11:51 PM, 19 Apr, 2025

راولپنڈی:پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 9ویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 120 رنز سے ہرا دیا۔

پشاور زلمی کی جانب سے دیے گئے 228 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم 16ویں اوور میں 107 رنز پر ہی آؤٹ ہو گئی۔

یہ میچ راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ملتان سلطانز کی شاندار حکمت عملی اور گیند بازی کے باعث پشاور زلمی اپنے کپتان بابر اعظم اور عمدہ بلے باز صائم ایوب کو صرف 5 رنز پر گنوا بیٹھی۔

اس موقع پر محمد حارث اور ٹام کوہلر کیڈمور نے 73 رنز کی تیز رفتار شراکت داری قائم کی، جس سے ملتان سلطانز کے لیے مزید وکٹیں حاصل کرنا مشکل ہوگیا۔

محمد حارث نے 21 گیندوں پر 45 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ ٹام کوہلر کیڈمور نے 30 گیندوں پر 52 رنز بنائے۔

حسین طلعت نے 37 رنز کی احتیاطی اننگز کھیلی، اور اختتامی اوورز میں عبدالصمد نے 14 گیندوں پر 40 اور مچل اوین نے 15 گیندوں پر 34 رنز بنا کر پشاور زلمی کو 227 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

پشاور زلمی نے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنائے اور اس دوران 16 چھکے بھی مارے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے ڈیوڈ ویلی، مائیکل بریسویل اور عبید شاہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ افتخار احمد نے ایک وکٹ لی۔

ٹاس: پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس کے دوران کہا، "ہمارا ہدف 200 سے زیادہ اسکور کرنا ہے، اور ہم آج کچھ الگ پرفارمنس کی امید رکھتے ہیں۔"

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا، "ہم بھی پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے اور اس میچ میں اپنی حکمت عملی کے مطابق اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے۔"

پشاور زلمی کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں، اور بابر اعظم کی قیادت میں صائم ایوب، محمد حارث، ٹام کوہلر کیڈمور، حسین طلعت، مچل اوین، عبدالصمد، لوک ووڈ، الزاری جوزف، عارف یعقوب اور علی رضا شامل ہیں۔

محمد رضوان نے بھی اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں، اور ملتان سلطانز کے دیگر کھلاڑیوں میں شے ہوپ، عثمان خان، کامران غلام، ایشٹن ٹرنر، مائیکل بریسویل، افتخار احمد، ڈیوڈ ویلی، اسامہ میر، عاکف جاوید اور عبید شاہ شامل ہیں۔

 
 
 

مزیدخبریں