پولیس چھاپہ، فائرنگ، اور ایم فور رائفل، مصطفیٰ قتل کیس میں فلمی مناظر جیسی ویڈیو سامنے آ گئی

03:46 PM, 19 Apr, 2025

کراچی: مصطفیٰ عامر قتل کیس میں سنسنی خیز موڑ! سی سی ٹی وی فوٹیج نے حقیقت سب پر عیاں کر دی،مرکزی ملزم ارمغان نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کی، اور وہ بھی ایم فور رائفل سے،۔ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی AVCC اہلکار ارمغان کے گھر داخل ہوئے، اس نے بغیر کسی توقف کے گولیوں کی بارش کر دی۔ دو بار فائرنگ کے بعد وہ ایک کمرے میں گھس کر بند ہو گیا۔ لیکن پولیس نے کئی گھنٹوں کی محاصرے کے بعد بالآخر اسے گرفتار کر لیا۔

واقعہ 9 فروری کو ڈیفنس کے ایک بنگلے میں پیش آیا۔ اس دوران فائرنگ سے ڈی ایس پی احسن ذوالفقار اور ان کا گارڈ زخمی ہوئے۔ ملزم کو بعد میں جناح ہسپتال منتقل کیا گیا کیونکہ وہ سینے میں تکلیف کی شکایت کر رہا تھا۔

تحقیقات میں چونکا دینے والا انکشاف یہ بھی ہوا کہ ارمغان اور اس کا والد کامران مبینہ طور پر ایک بین الاقوامی فراڈ گروہ کا حصہ ہیں۔ یہی نہیں، ایف آئی اے کی غفلت بھی اس کہانی کا حصہ بنتی جا رہی ہے۔

پولیس نے فائرنگ کی فوٹیج کو مقدمے کا حصہ بنا لیا ہے، اور ذرائع کا کہنا ہے کہ کیس میں مزید دھماکہ خیز انکشافات متوقع ہیں۔

مزیدخبریں