لانگ مارچ کے دوران شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے، اسلام آباد ہائیکورٹ

08:08 PM, 18 Sep, 2026

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے مجوزہ لانگ مارچ کے خلاف درخواست قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔

 عدالت نے پرامن سیاسی اجتماع کے آئینی حق کو تسلیم کرتے ہوئے واضح کیا کہ سیاسی سرگرمیوں کی آڑ میں اسلام آباد کے شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر نہیں کیے جا سکتے۔

 فیصلے میں کہا گیا کہ شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت، کاروبار، تجارت اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں رکاوٹ نہیں ڈالی جا سکتی۔ شہریوں کی طبی سہولیات اور تعلیمی اداروں تک رسائی بھی ہر صورت برقرار رہنی چاہیے۔

 اسلام آباد ہائیکورٹ نے صوبائی حکومتوں اور انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے چیف سیکریٹریز، آئی جیز اور چیف کمشنر اسلام آباد کو سرکاری افسران کے لیے فوری ہیلپ لائن اور براہِ راست رابطے کا نظام قائم کرنے کا حکم دیا۔

 عدالت نے قرار دیا کہ اگر کسی سیاسی رہنما یا عوامی عہدیدار کی جانب سے کسی سرکاری افسر پر مارچ میں شرکت یا سہولت کاری کے لیے دباؤ ڈالنے کی شکایت موصول ہو تو فوری محکمانہ کارروائی کی جائے۔

 فیصلے کے مطابق کسی عوامی عہدیدار کی سرگرمی کے نتیجے میں اسلام آباد کے شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر ہوئے تو اسے آئین اور حلفِ عہدہ کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔

مزیدخبریں