نیدرلینڈز : پاکستان کے نوجوان ہاکی کھلاڑی عبدالرحمٰن نے اپنی غیر معمولی مہارت کا عالمی سطح پر لوہا منوا لیا۔ انہیں ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے بعد ہونے والی عالمی ووٹنگ میں پولی گراس میجک سکل ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔
عبدالرحمٰن نے ویلز کے خلاف ورلڈ کپ میچ میں ایسا شاندار گول کیا تھا جس نے ہاکی شائقین کو حیران کر دیا۔ انہوں نے گیند کو ہوا میں مہارت کے ساتھ قابو میں رکھتے ہوئے مخالف ٹیم کے چار دفاعی کھلاڑیوں کو عبور کیا اور گیند کو جال کی راہ دکھا دی۔
ان کے اس شاندار مظاہرے کو دنیا بھر کے ہاکی مداحوں نے بھرپور پذیرائی دی۔ ایوارڈ کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں عبدالرحمٰن نے 44 فیصد ووٹ حاصل کیے اور سب سے زیادہ ووٹ لینے والے کھلاڑی بن گئے، جبکہ کینٹن میلویل 39 فیصد ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
ایف آئی ایچ کے گلوبل سپلائر پولی ٹین کی جانب سے دیے جانے والے اس ایوارڈ کے لیے مردوں اور خواتین کے شعبوں سے چھ یادگار لمحات کو حتمی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ عالمی شائقین نے 4 سے 13 ستمبر تک اپنے پسندیدہ لمحے کے حق میں ووٹ دیا۔
خواتین کے مقابلے میں بھارتی گول کیپر بیچو دیوی کاریبام نے 52 فیصد ووٹ حاصل کرکے ایوارڈ جیت لیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے عبدالرحمٰن کو عالمی اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی یہ کامیابی ملک کے نوجوان ہاکی کھلاڑیوں کے لیے حوصلے اور تحریک کا باعث بنے گی۔