کوہاٹ: کوہاٹ میں پولیس لائنز کے قریب دھماکے اور فائرنگ کے واقعے میں پولیس اہلکاروں اور شہریوں سمیت 17 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
آئی جی خیبرپختونخوا کے مطابق جاں بحق افراد میں 6 پولیس اہلکار اور 11 شہری شامل ہیں۔ واقعے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ متاثرہ مقام پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
حکام کے مطابق پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد ہلاک ہوگیا، جبکہ دوسرے دہشتگرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
دھماکے کے نتیجے میں قریبی عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ لاشوں اور زخمیوں کو مختلف قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔