اسلام آباد:پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح 21.4 ارب ڈالر تک پہنچ گئے، جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے اظہارِ تشکر کیا ہے۔
وزیراعظم نے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کو معاشی استحکام کی جانب ایک اور تاریخی سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ذخائر کا 21.4 ارب ڈالر تک پہنچنا معاشی ٹیم کی دن رات محنت اور درست سمت میں کیے گئے اقدامات کا ثبوت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل بہتری ملکی معیشت کے لیے اہم پیش رفت ہے۔
وزیراعظم نے معاشی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملکی معیشت کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔