لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے نوجوان کرکٹرز کی تلاش کے لیے سکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے دوسرے سیزن کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں، جس کا باقاعدہ آغاز 19 ستمبر سے ہوگا۔
رواں سیزن میں ملک کے 100 اضلاع کے 1,400 سکولوں سے تقریباً 21 ہزار نوجوان کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ ہفتہ کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں بیکن ہاؤس سکول اور ایچی سن کالج کے درمیان ہوگا، جو دوپہر 2 بجے شروع ہوگا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی افتتاحی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوں گے اور ایونٹ کے دوسرے سیزن کا افتتاح کریں گے۔
پی سی بی نے گزشتہ سیزن کے مقابلے میں پروگرام کو نمایاں طور پر وسعت دی ہے۔ پہلے مرحلے میں 39 اضلاع کے 450 سکول شامل تھے، جبکہ اس مرتبہ 100 اضلاع اور 1,400 سکولوں کو موقع دیا گیا ہے۔
بورڈ کے مطابق ٹورنامنٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان کھلاڑیوں کو پی سی بی کے ایج گروپ اور پاتھ ویز سسٹم میں آگے بڑھنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
افتتاحی میچ کے بعد قذافی اسٹیڈیم میں شائقین کے لیے میوزیکل کنسرٹ بھی منعقد ہوگا، جس میں معروف گلوکار راحت فتح علی خان پرفارم کریں گے۔ افتتاحی تقریب، میچ اور کنسرٹ میں شائقین کا داخلہ مفت رکھا گیا ہے۔