اسلام آباد : اسلام آباد میں چیئرمین سی ڈی اے کی قیادت میں بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران شہریوں کی سہولت کے لیے کئی اہم فیصلے کیے گئے۔
بورڈ نے شہر کے قبرستانوں میں قبر کی کھدائی اور میت بس کی تمام فیسوں کو معاف کرنے کی منظوری دی۔ چیئرمین نے ہدایت کی کہ تمام قبرستانوں میں اضافی میت بسیں فراہم کی جائیں تاکہ شہریوں کو سہولت میں اضافہ ہو۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ فارغ التحصیل نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے انٹرنشپ پروگرام کے تحت سی ڈی اے میں خدمات دی جائیں گی تاکہ انہیں عملی تربیت بھی دی جا سکے۔
اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے دفتر کے قیام کے لیے مناسب جگہ مختص کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
اس کے علاوہ پولیس اسٹیشن کی تعمیر کے لیے زمین کی الاٹمنٹ کو قواعد و ضوابط کی روشنی میں مشروط منظوری دی گئی۔
بورڈ نے ایک تجویز بھی دی کہ سیکٹر ایف-10 کی سروس روڈ کو عالمی شہرت یافتہ پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کے نام سے منسوب کیا جائے، جسے حتمی منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو بھیجا جائے گا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے اجلاس میں زور دیا کہ تمام فیصلوں پر شفاف اور جوابدہ عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کا اعتماد بڑھ سکے اور ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز ہو۔