سائنسدانوں نے بیماریوں کی شناخت کے لیے جدید AI ماڈل تیار کرلیا

04:56 PM, 18 Sep, 2025

کیلیفورنیا :سائنسدانوں نے ایک نیا مصنوعی ذہانت (AI) ماڈل بنایا ہے جو مریض کی میڈیکل ہسٹری کی بنیاد پر ہزاروں بیماریوں کے امکانات سالوں پہلے بتا سکتا ہے۔

یہ ماڈل جسے "ڈلفی۔2M" کہا جاتا ہے، برطانیہ، ڈنمارک، جرمنی اور سوئٹزرلینڈ کے ماہرین نے مل کر تیار کیا ہے۔ اس کی تربیت برطانیہ کے یوکے بایو بینک کے وسیع ڈیٹا پر کی گئی ہے، جو ایک بڑا بایومیڈیکل ڈیٹا بیس ہے۔ یہ ماڈل نیورل نیٹ ورک اور ٹرانسفارمر تکنیک پر کام کرتا ہے، جو وہی ٹیکنالوجی ہے جسے چیٹ جی پی ٹی جیسی بات چیت کرنے والی ایپلیکیشنز استعمال کرتی ہیں۔

جرمنی کے کینسر ریسرچ سینٹر کے ماہر مورٹز گرسٹنگ کا کہنا ہے کہ یہ ماڈل بیماریوں کے آنے کے پیٹرنز کو سمجھ کر اندازہ لگاتا ہے کہ کونسی بیماری کب اور کیسے سامنے آ سکتی ہے۔ اس طرح ڈاکٹرز کو قبل از وقت بیماریوں کی نشاندہی میں مدد ملے گی۔

سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ یہ AI ماڈل مستقبل میں صحت کے شعبے میں ایک بڑی تبدیلی لا سکتا ہے، جس سے بیماریوں کا وقت پر پتہ چل سکے گا اور مناسب علاج یا حفاظتی تدابیر اختیار کی جا سکیں گی۔

مزیدخبریں