لندن : لندن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعزاز میں برطانیہ کے شاہی خاندان نے ایک شاندار عشائیے کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر شاہ چارلس نے صدر ٹرمپ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کا امن کے لیے عزم قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے امریکہ اور برطانیہ کے تعلقات کو "قریبی رشتہ داری" سے تعبیر کیا۔
عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ برطانیہ کا یہ دورہ ان کی زندگی کے بڑے اعزازات میں سے ایک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کئی دہائیوں سے مضبوط اور قابل فخر رہے ہیں۔ انہوں نے برطانیہ کی تاریخی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ "میگنا کارٹا" جیسے تاریخی دستاویز نے دنیا کو پارلیمانی جمہوریت کا راستہ دکھایا۔
صدر ٹرمپ نے اپنی حکومت کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال پہلے امریکہ بہت پیچھے تھا، مگر اب حالات بدل چکے ہیں۔
قبل ازیں، صدر ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ جب شاہی محل ونزر کاسل پہنچے تو شاہ چارلس اور ملکہ کمیلا نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر صدر ٹرمپ نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا اور شاہی فوج کی شاندار پریڈ اور فلائی پاسٹ کا نظارہ بھی کیا۔