طورخم بارڈر سات دن سے بند، دوطرفہ تجارت اور آمدورفت معطل، تاجروں کو بھاری نقصان

11:45 AM, 18 Oct, 2025

خیبر :پاک افغان سرحد پر واقع اہم تجارتی راستہ طورخم بارڈر مسلسل ساتویں روز بھی بند ہے، جس سے نہ صرف دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی سرگرمیاں مکمل طور پر معطل ہیں بلکہ پیدل آمدورفت بھی بند ہو چکی ہے۔

بارڈر کی بندش کے باعث دونوں جانب سینکڑوں مال بردار گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔ درجنوں گاڑیوں میں موجود اشیائے خوردونوش اور پھلوں جیسا حساس سامان خراب ہونے لگا ہے، جس پر تاجروں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بارڈر بند ہونے کے بعد خوراک، سبزیوں، اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قلت پیدا ہو چکی ہے، جس کے باعث قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ سرحد کے دونوں اطراف کے عام شہری مشکلات سے دوچار ہیں۔

متاثرہ تاجروں اور ٹرانسپورٹرز نے مطالبہ کیا ہے کہ دونوں ممالک کی حکومتیں فوری طور پر بامعنی مذاکرات کے ذریعے کشیدگی کم کریں اور بارڈر کھولنے کے اقدامات کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ مسلسل بندش سے دونوں طرف کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔

مزیدخبریں