پاکستان کا غیر قانونی افغان مہاجرین کی واپسی کا حتمی فیصلہ، ویزہ ہولڈرز ہی قیام کے اہل ہوں گے

11:35 AM, 18 Oct, 2025

اسلام آباد : وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو فوری طور پر واپس بھیجا جائے گا۔ صرف قانونی ویزہ رکھنے والے افغان شہریوں کو پاکستان میں قیام کی اجازت دی جائے گی۔

اجلاس میں وزیرِاعظم نے وفاقی و صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ افغان شہریوں کی جلد اور منظم واپسی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کی سیکیورٹی اولین ترجیح ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
وزیراعظم نے اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ حالیہ دہشتگرد حملوں میں افغان باشندوں کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مزید خطرات مول نہیں لے سکتا، اور سیکیورٹی اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء، وزیراعظم آزاد کشمیر، وزرائے اعلیٰ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان شریک ہوئے۔ تاہم خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ نے اسلام آباد میں موجودگی کے باوجود اجلاس میں شرکت سے معذرت کی، اور صوبے کی نمائندگی مشیر اطلاعات مزمل اسلم نے کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ریاستی خودمختاری اور شہریوں کا تحفظ کسی بھی سیاسی مصلحت یا مداخلت سے بالاتر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ افغان مہاجرین کے حوالے سے طویل مدتی پالیسی پر بھی جلد مشاورت کی جائے گی۔

مزیدخبریں