راولپنڈی :خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے 16 اور 17 نومبر کو باجوڑ، بنوں اور دیگر علاقوں میں متعدد آپریشنز کیے، جن میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 23 خارجی ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی کارروائی میں 10 دہشت گرد مارے گئے، جب کہ شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں 5 خوارج ہلاک ہوئے۔ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن بھی جاری رکھا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق 18 نومبر کی صبح بنوں میں دہشت گردوں کی جانب سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش بروقت ناکام بنا دی گئی۔ بارودی مواد نصب کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کا ایک دہشت گرد ہلاک ہوا، جسے بھارتی پراکسی نیٹ ورک سے منسلک قرار دیا جا رہا ہے۔
فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔