آئی سی سی نے بابر اعظم پر کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کردیا

02:27 PM, 18 Nov, 2025

لاہور : پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم پر آئی سی سی نے سری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ کے دوران کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا ہے۔ بابر اعظم نے آؤٹ ہونے کے بعد غصے میں آ کر اپنے بیٹ کو وکٹوں پر مارا، جو آئی سی سی کے آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے، جو کرکٹ کے سامان یا گراؤنڈ کے آلات کو نقصان پہنچانے سے متعلق ہے۔

آئی سی سی نے بابر اعظم پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا اور ان کے ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کر لیا۔ یہ ان کے گزشتہ 24 ماہ میں پہلا جرم تھا۔ بابر اعظم نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری علی نقوی کی تجویز کردہ سزا قبول کر لی، جس کے بعد باضابطہ سماعت کی ضرورت نہیں پڑی۔

چارج بابر اعظم کے خلاف آن فیلڈ امپائرز ایلکس وارف اور راشد ریاض، تھرڈ امپائر شرف الدولہ ابن شاہد، اور فورتھ امپائر فیصل آفریدی نے عائد کیا تھا۔ اس واقعے کے بعد بابر اعظم نے اپنی ذمہ داری کو تسلیم کیا اور سزا قبول کر کے کرکٹ کی روایات کے مطابق احتساب کا مظاہرہ کیا۔

مزیدخبریں