پاکستان نے ICAST 2025 کی میزبانی حاصل کر لی ، خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی میں اہم سنگ میل

11:15 AM, 18 Nov, 2025

اسلام آباد: پاکستان نے عالمی سطح پر خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی میں اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے "انٹرنیشنل کانفرنس آن اپلیکیشنز آف سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی" (ICAST) 2025 کی میزبانی کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ یہ تین روزہ عالمی ایونٹ 18 سے 20 نومبر 2025 تک اسلام آباد میں سپارکو اور اسلام آباد سپیس اینڈ ٹیکنالوجی کے تعاون سے منعقد ہوگا۔

کانفرنس کا مقصد خلائی سائنس اور جدید ٹیکنالوجی کو عالمی مسائل کے حل میں کردار ادا کرنے کی جانب آگے بڑھانا اور بین الاقوامی سطح پر تعاون کو فروغ دینا ہے۔ ایونٹ میں 25 مختلف ممالک سے 70 سے زائد مندوبین اور 2 ہزار سے زائد شرکاء کی شرکت متوقع ہے، جس میں سائنسی معاہدوں اور مشترکہ پراجیکٹس کے آغاز کی امید کی جارہی ہے۔

اس ایونٹ میں شامل ماہرین کی شرکت سے پاکستان کے خلائی شعبے میں نئے سرمایہ کاری کے دروازے کھلنے کی توقع ہے۔ کانفرنس کے دوران سیٹلائٹ ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (AI)، ڈیٹا سائنس اور خلائی تحقیق جیسے اہم موضوعات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، مشترکہ تحقیق، صلاحیت سازی اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کے لیے ایک جامع حکمت عملی تیار کی جائے گی جو پاکستان کے خلائی پروگرام کو نئی رفتار دے گی۔

پاکستان کی خلائی صلاحیتوں میں اضافے اور بین الاقوامی سطح پر اس کی سائنسی ساکھ کی بہتری کے ساتھ یہ ایونٹ پاکستان کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ عالمی سطح پر شراکت داری اور تعاون سے پاکستان کا خلائی شعبہ مزید مستحکم اور ترقی یافتہ ہوگا، اور اس سے ملک کی سائنسی تحقیق میں بھی اہم پیشرفت ہو گی۔

مزیدخبریں