کیلیفورنیا : ہالی ووڈ کے مشہور اداکار ٹام کروز کو گورنرز ایوارڈز کی تقریب میں اعزازی آسکر سے نوازا گیا، جس پر وہ جذباتی ہو گئے۔ 63 سالہ ٹام کروز نے کیلیفورنیا میں منعقدہ اس ایونٹ کے دوران اسٹیج پر آ کر اپنے دل کی بات کی۔
انہوں نے کہا کہ "سنیما نے مجھے دنیا کے مختلف حصے دکھائے ہیں، اور یہ مجھے سکھاتا ہے کہ اختلافات کی عزت اور قدر کیسے کی جائے۔" ٹام کروز نے مزید کہا کہ سنیما ہمیں انسانیت کے قریب لے آتا ہے اور ہمیں یہ سمجھنے میں مدد دیتا ہے کہ ہم سب ایک جیسے ہیں، چاہے ہم دنیا کے کسی بھی کونے سے ہوں۔ "تھیٹر میں ہم سب ایک ساتھ ہنستے ہیں، ایک ہی جذبے کے ساتھ محسوس کرتے ہیں، یہی اس فن کی طاقت ہے۔"
ٹام کروز نے اپنی زندگی میں سنیما کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ "فلمیں بنانا صرف میرا پیشہ نہیں، یہ میری شناخت ہے۔" بچپن سے ہی فلموں سے محبت رکھنے والے ٹام کروز نے کہا کہ جب پہلی بار اسکرین پر روشنی دیکھی، تو ایسا محسوس ہوا کہ دنیا اتنی وسیع ہے، جتنی پہلے کبھی نہ دیکھی تھی۔ اس تجربے نے ان میں ایڈونچر کی خواہش اور علم حاصل کرنے کا جذبہ پیدا کیا، جو انہیں آج تک کہانیاں تخلیق کرنے اور دنیا کو نئے زاویوں سے دیکھنے کی ترغیب دیتا ہے۔اس موقع پر شرکا نے ٹام کروز کو اسٹینڈنگ اوشن دے کر ان کی کامیابیوں کو سراہا اور ان کے اعزاز میں بھرپور داد دی۔