ٹی ٹوئنٹی ٹرائی نیشن سیریز کا آغاز: آج راولپنڈی میں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان افتتاحی میچ ہوگا

11:38 AM, 18 Nov, 2025

راولپنڈی : آج سے راولپنڈی میں ٹی ٹوئنٹی ٹرائی نیشن سیریز کا آغاز ہو رہا ہے، جس کا پہلا میچ میزبان پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جائے گا۔ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کی تقریب میں پاکستان، زمبابوے اور سری لنکا کے کپتانوں نے شرکت کی اور ایونٹ کی کامیابی کے لیے اپنے عزائم کا اظہار کیا۔

میزبان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ اس سیریز میں شاندار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے، اور ہماری کوشش ہوگی کہ نئے کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا جائے تاکہ وہ خود کو ثابت کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ٹیم میں ایسے آل راؤنڈرز موجود ہیں جو نہ صرف بیٹنگ بلکہ بولنگ میں بھی مہارت رکھتے ہیں۔

زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے کہا کہ ان کی ٹیم فائنل تک پہنچنے کی پوری کوشش کرے گی اور وہ اس ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ دوسری طرف، سری لنکا کے کپتان دسُون شناکا نے کہا کہ ان کی ٹیم ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے اور وہ اس سیریز میں بھرپور کھیل پیش کریں گے۔

تاہم، سری لنکا کرکٹ ٹیم کو ایک بدقسمتی کا سامنا بھی ہوا ہے، کیونکہ ٹیم کے دو اہم کھلاڑی چریتھ اسالنکا اور اسیتھا فرنینڈو بیماری کے سبب سیریز میں شرکت نہیں کر سکیں گے اور انہوں نے واپس جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سری لنکا کرکٹ بورڈ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دونوں کھلاڑی وطن واپس جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں