اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کی حمایت میں قرارداد منظور

09:24 AM, 18 Nov, 2025

نیویار ک : اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کی حمایت میں ایک اہم قرارداد منظور کر لی ہے۔ اس قرارداد کے حق میں 13 ممالک نے ووٹ دیا، جن میں پاکستان بھی شامل تھا، جبکہ مخالفت میں کوئی ووٹ نہیں آیا۔ روس اور چین نے اس ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

امریکی مندوب نے اس قرارداد کی منظوری کے بعد پاکستان، مصر، قطر، اردن، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ اور انڈونیشیا کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی اور تعمیری قدم ہے اور اس قرارداد کی منظوری غزہ کے استحکام کے لیے ایک اہم پیشرفت ہے۔ امریکی مندوب کے مطابق، "ہم سب نے مل کر اس صورتحال کی سنگینی کو سمجھا اور غزہ کے لیے اقدامات کیے ہیں۔"

قرار داد میں غزہ میں بین الاقوامی استحکام فورس کی تعیناتی اور عبوری حکومت کے قیام کی تجاویز شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ غزہ کی معیشت اور سیاست کی بحالی کے لیے مزید اقدامات کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

تاہم، حماس اور دیگر فلسطینی گروپوں نے اس قرارداد کو مسترد کر دیا ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ یہ قرارداد فلسطینیوں کے حقوق کے مطابق نہیں اور غزہ پر بین الاقوامی سرپرستی مسلط کرتی ہے۔ حماس نے مزید کہا کہ غزہ میں بین الاقوامی فورس کی تعیناتی اس کی خودمختاری پر اثر انداز ہو گی۔

حماس نے یہ بھی موقف اپنایا کہ غزہ میں انسانی امداد کا انتظام اقوام متحدہ کے تحت فلسطینی اداروں کے حوالے کیا جائے تاکہ امداد کا صحیح استعمال ہو سکے۔

یہ قرارداد غزہ کی سیاسی صورتحال میں ایک نیا موڑ لا سکتی ہے، جس سے خطے میں امن کی کوششوں پر اثر پڑ سکتا ہے۔

مزیدخبریں