آذربائیجان کی ترقی خطے کے لیے قابلِ فخر مثال ہے: وزیراعلیٰ پنجاب

07:47 PM, 18 May, 2026

باکو: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صدر الہام علیوف کی قیادت میں آذربائیجان نے قابلِ ذکر ترقی حاصل کی ہے، جو قابلِ ستائش ہے۔

ورلڈ اربن فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مختلف شعبوں میں مربوط حکمت عملی کے تحت چیلنجز پر قابو پاتے ہوئے ترقی کی سمت آگے بڑھ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے انفراسٹرکچر کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ اربن فورم میں شرکت ان کے لیے خوشی اور اعزاز کا باعث ہے، جبکہ آذربائیجان کی قیادت کی جانب سے شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ ان کے مطابق وہ پاکستان کی قیادت اور عوام کی جانب سے محبت اور خیرسگالی کا پیغام لے کر آئی ہیں۔

مریم نواز نے بتایا کہ “ستھرا پنجاب” منصوبے کے تحت صوبے میں صفائی کا منظم اور جامع نظام نافذ کیا گیا ہے، جبکہ سماجی و معاشی ڈیٹا کے لیے پنجاب اکنامک رجسٹری سروے کا آغاز بھی کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ “ماڈل ولیج پروگرام” کے ذریعے دو ہزار دیہات کو جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، اور دیہی علاقوں کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ تمام شہریوں کو مساوی سہولیات میسر آ سکیں۔
 
 
 
 

مزیدخبریں