اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھارتی آرمی چیف کے بیان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے دو ٹوک الفاظ میں وارننگ دی ہے کہ اگر بھارت نے دوبارہ پاکستان کو للکارنے کی کوشش کی تو اس کا جغرافیہ بدل کر اسے تاریخ کا حصہ بنا دیا جائے گا۔
نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے اپنے خصوصی انٹرویو میں وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بھارت ماضی میں ملنے والی سرپرائز مار کو ابھی تک نہیں بھولا اور اسے اب بھی اپنے زخم سہلانے پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
انٹرویو کے دوران خواجہ آصف نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ایران پر امریکہ یا اسرائیل کے دوبارہ حملے کے امکان کو یکسر مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا:
"ایران پر اب کسی نئے حملے کا کوئی امکان نہیں ہے کیونکہ عالمی طاقتیں اور خطے کے دیگر ممالک مزید کسی جنگ کے متحمل نہیں ہو سکتے اور نہ ہی وہ اس کے حق میں ہیں۔"
ملکی سیاسی صورتحال اور قانون سازی کے حوالے سے پھیلی افواہوں پر وضاحت دیتے ہوئے وزیر دفاع نے دو ٹوک مؤقف اختیار کیا کہ 28 ویں آئینی ترمیم سے متعلق فی الحال وفاقی کابینہ کے کسی اجلاس میں کوئی بات یا مشاورت نہیں ہوئی ہے۔