قومی خزانے کا پیسہ صرف یقینی نتائج والے منصوبوں پر لگے گا، پانی کے ذخائر اور پن بجلی اولین ترجیح: وزیراعظم شہباز شریف

05:02 PM, 18 May, 2026

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ وفاقی حکومت ترقیاتی منصوبوں کے لیے بجٹ کی تقسیم میں کارکردگی کو بنیاد بنائے گی، اور بہترین کارکردگی دکھانے والی وزارتوں کو فنڈز کی فراہمی میں پہلی ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے یہ بات وفاقی ترقیاتی بجٹ اور مختلف منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم نے اجلاس کے دوران سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ کسی ایسے منصوبے کی نذر نہیں ہونے دیا جائے گا جس کے عوامی فائدے غیر یقینی ہوں۔ انہوں نے ملک میں پانی کے بحران پر قابو پانے کے لیے پانی کے نئے ذخائر کی تعمیر اور سستی بجلی کے لیے پن بجلی (ہائیڈرو پاور) کے منصوبوں کو حکومت کی سب سے بڑی ترجیح قرار دیا۔

شہباز شریف نے معاشی بوجھ کو کم کرنے اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے ترقیاتی کاموں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کو فروغ دینے پر زور دیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے چینی مالیاتی مارکیٹ میں 'پانڈا بانڈز' کے کامیاب اجراء اور بین الاقوامی سطح پر اس کی شاندار پذیرائی پر وزیرِ خزانہ اور ان کی ٹیم کو خصوصی داد بھی دی۔

مزیدخبریں