انسانی تاریخ کے مختلف ادوار میں ہر معاشرے کو بے شمار چیلنجز اور مسائل کا سامنا رہا ہے۔ کہیں غربت نے انسان کو کمزور کیا، کہیں جہالت نے ترقی کی راہوں میں رکاوٹیں کھڑی کیں، کہیں جنگوں نے تہذیبوں کو مٹا دیا اور کہیں اخلاقی زوال نے قوموں کی بنیادیں ہلا دیں۔ مگر ہر دور میں بعض فتنے ایسے رہے ہیں جو خاموشی سے جنم لیتے ہیں آہستہ آہستہ اپنی جڑیں مضبوط کرتے ہیں اور پھر پورے معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لے لیتے ہیں۔ یہ فتنے ابتدا میں معمولی محسوس ہوتے ہوتے ہیں مگر وقت کے ساتھ ساتھ ایک ایسی تباہ کن صورت اختیار کر لیتے ہیں کہ نسلوں کی نسلیں اس کے اثرات سے محفوظ نہیں رہ پاتیں۔ ان مسائل میں منشیات بھی ایک ایسا ہی خطرناک عفریت بن چکی ہیں جو نہ صرف افراد بلکہ خاندانوں اور قوموں کی بنیادوں کو کمزور کرنے کے ساتھ ساتھ پورے معاشرے کی فکری، اخلاقی اور سماجی بنیادوں کو بھی متاثر کرتی ہیں۔ چند لمحوں کی مصنوعی خوشی دینے والی منشیات حقیقت میں زندگی کے تمام رنگ چھین لیتی ہے۔ دنیا کی تیز رفتار زندگی، بڑھتے ہوئے مسائل، ذہنی دباو¿، بےروزگاری، احساسِ محرومی اور مادہ پرستی نے انسان کو ایک ایسے دوراہے پر لا کھڑا کیا ہے جہاں بعض لوگ وقتی آسودگی کے لیے منشیات کا سہارا لینے لگتے ہیں۔ منشیات محض نشہ نہیں بلکہ ایک ایسا زہر ہے جو آہستہ آہستہ انسان کے شعور، اس کی شخصیت، اس کے خوابوں اور اس کے مستقبل کو نگل جاتا ہے۔ بظاہر یہ انسان کو وقتی سکون یا چند لمحوں کی فراموشی فراہم کرتی ہیں لیکن درحقیقت اس کے پیچھے ایک ایسی تاریکی پوشیدہ ہے جس سے نکلنا آسان نہیں ہوتا۔ نوجوان کسی بھی نسل کا قیمتی سرمایہ، امید، ترقی کے خوابوں کی تعبیر اور روشن مستقبل سمجھے جاتے ہیں، ان کے کندھوں پر آنے والے کل کی تعمیر کی ذمہ داری ہوتی ہے مگر جب یہی نوجوان نشے کی تاریک راہوں پر چلنے لگیں تو کسی بھی معاشرے کے روشن مستقبل پر اندھیروں کے سائے منڈلانے لگتے ہیں۔
شومئی قسمت کے ہمارے ہاں منشیات کو فردِ واحد کا مسئلہ سمجھا جاتا ہے جبکہ یہ مسئلہ پورے معاشرے کا ہے۔ نشے کا عادی شخص صرف اپنی ذات کو نقصان نہیں پہنچاتا بلکہ اس کے اثرات خاندان، دوستوں اور سماجی ماحول کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیتے ہیں۔ گھر کی بے سکونی، ایک ماں کی بے خواب راتیں، ایک باپ کی پریشانیاں، بہن بھائیوں کی ذہنی اذیت اور خاندان کی بکھرتی خوشیاں سب ہی منشیات کے نتیجے میں پیدا ہونے والے زخم ہیں۔ خاندان ہی انسانی زندگی کی پہلی درسگاہ ہوتا ہے۔ انسان سب سے پہلے محبت، احترام، قربانی اور تعلقات کی اہمیت اپے گھر سے ہی سیکھتا ہے۔ لیکن جب گھر کا کوئی فرد منشیات کے استعمال کا عادی ہو جائے تو اس درسگاہ کا ماحول بھی متاثر ہونے لگتا ہے۔ معاشروں کی تباہی ہمیشہ بڑے حادثات سے نہیں ہوتی بلکہ بعض اوقات چھوٹی چھوٹی برائیاں خاموشی سے اپنی جڑیں مضبوط کرتی رہتی ہیں اور پھر ایک وقت ایسا آتا ہے جب پوری نسل اس کے اثرات سے متاثر ہونے لگتی ہے۔ منشیات کے باعث معاشی مسائل بھی جنم لیتے ہیں، نشے کا عادی فرد اکثر اپنی ضروریات کو پورا کرنے مالی وسائل ضائع کرنا شروع کر دیتا ہے۔ بعض اوقات وہ قرض لیتا ہے، گھریلو اشیاءکو فروخت کرتا ہے یا جرائم کی طرف مائل ہو جاتا ہے۔ یوں ایک فرد کی کمزوری پورے خاندان کی معاشی حالت کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ معاشرے پر بھی نہایت سنگین اثرات مرتب کرتی ہے۔ جرائم میں اضافہ، چوری، ڈکیتی، تشدد اور دیگر سماجی برائیاں اکثر منشیات کے ساتھ جڑی ہوئی نظر آتی ہیں۔ منشیات کے استعمال کی عادت انسان کی سوچنے سمجھنے اور فیصلہ کرنے کی صلاحیت کو متاثر کرتی ہے۔ وہ اچھے اور بُرے کے درمیان فرق کرنے میں کمزور پڑنے لگتا ہے جس کے نتیجے میں وہ ایسے اقدامات کرتا ہے جن کے اثرات دوسرے لوگوں کی زندگیوں کو متا ثر کرتے ہیں۔ ایک صحت مند معاشرہ صرف عمارتوں یا جدید سہولیات سے نہیں بنتا بلکہ اس کی اصل طاقت اس کے افراد ہوتے ہیں۔ اگر وہ ذہنی، اخلاقی اور
جسمانی طور پر مضبوط ہوں تو معاشرہ بھی مضبوط ہوتا ہے لیکن جب افراد ہی کمزور پڑنے لگیں تو معاشرتی بنیادیں بھی ہلنے لگتی ہیں۔ یہ حقیقت بھی اہم ہے کہ منشیات کے مسئلے کو صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری سمجھ لینا ہی کافی ہے یہ ایک اجتماعی مسئلہ ہے اور اس کے حل کے لیے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ تعلیم کسی بھی معاشرے کی تعمیر کا بنیادی ستون ہوتی ہے۔ تعلیمی ادارے صرف کتابی علم فراہم کرنے کے مراکز نہیں ہوتے بلکہ یہ ایک پوری نئی نسل کے ذہنوں کی تربیت، کردار سازی اور مستقبل کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ایک صحت مند اور باشعور معاشرے کی بنیاد ان اداروں میں ہی رکھی جاتی ہے لیکن اگر یہی ادارے منشیات کے اثرات سے محفوظ نہ رہ سکیں صورتحال انتہائی تشویشناک ہو جاتی ہے۔ منشیات محض ایک عادت یا وقتی سکون کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک ایسا خاموش زہر ہے جو انسان کے جسم، ذہن، کردار اور مستقبل کو آہستہ آہستہ کھا جاتا ہے اگر ہم ایک مضبوط، باوقار اور ترقی یافتہ معاشرہ چاہتے ہیں تو ہمیں اس ناسور کے خلاف سنجیدگی سے کھڑا ہونا ہو گا۔ والدین کو اپنی اولاد کے ساتھ اعتماد اور محبت کا رشتہ مزید مضبوط بنانا ہو گا، تعلیمی اداروں کو کردار سازی پر توجہ دینا ہو گی اور معاشرے کے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہو گا کہ وقتی لذت اور مصنوعی سکون کبھی کامیابی اور حقیقی خوشی کا متبادل نہیں بن سکتے۔ قوموں کی ترقی بلند عمارتیں اور جدید سہولیات سے نہیں بلکہ مضبوط کردار رکھنے والے افراد سے ہوتی ہے۔ وقت کا تقاضا یہی ہے کہ ہم خاموش تماشائی بننے کے بجائے شعور، آگاہی اور اجتماعی ذمہ داری کے ساتھ اس برائی کے خلاف آواز بلند کریں کیونکہ زندہ قومیں اپنے مستقبل کو بکھرتا ہوا نہیں دیکھتیں بلکہ اسے سنوارنے کے لیے متحد ہو جاتی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نسل کو صرف نصیحتوں تک محدود نہیں رکھا جائے بلکہ انہیں ایسے مواقع فراہم کیے جائیں جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو مثبت انداز میں استعمال کر سکیں۔ کھیل کے میدان آباد ہوں، کتب خانوں میں رونق ہو، ادبی اور تخلیقی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے تاکہ نوجوانوں کو اپنی سوچ اور صلاحیتوں کے اظہار کے لیے صحت مند ماحول مل سکے کیونکہ مصروف اور مقصد رکھنے والا ذہن اپنی منزل خود تلاش کر لیتا ہے۔
منشیات کے دلدل میں پھنستی زندگیاں
09:05 AM, 18 May, 2026