گوجرانوالہ: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آج پاکستان اپنے دشمن کے سامنے اعتماد کے ساتھ کھڑا ہے، اور اس کا سہرا ہماری بہادر افواج اور ان کی قیادت کو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم آرمی چیف کے شکر گزار ہیں جن کی قیادت میں ہم نے دشمن کو واضح پیغام دیا ہے۔ صدر زرداری گوجرانوالہ کنٹونمنٹ میں افسران اور جوانوں سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ "میرا سلام ان جوانوں تک پہنچے جنہوں نے وطن کے لیے قربانیاں دیں۔ یہ دھرتی ہے تو ہم سب ہیں، اگر یہ نہ ہو تو ہم کچھ بھی نہیں۔"
صدر نے دشمن کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ "بھارت کو اندازہ ہو چکا ہو گا کہ اصل سپاہی سے سامنا کرنا کیسا ہوتا ہے۔ ہماری قوم ہر آزمائش میں اپنی جان و مال وطن پر قربان کرنے کو تیار ہے۔ ہم شہادت کو اپنی کامیابی سمجھتے ہیں۔"
انہوں نے کہا کہ پاکستان صرف ایک ریاست نہیں، بلکہ ایک نظریہ، ایک قوم اور ایک اسلامی طاقت ہے، اور کسی بھی غیرت مند پاکستانی کے لیے دشمن کی غلامی ناقابلِ قبول ہے۔
دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کھڑے ہیں، یہ افواج پاکستان کی قربانیوں کا نتیجہ ہے: صدر آصف علی زرداری
03:34 PM, 18 May, 2025