لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ترکیے کے سفیر نے لاہور میں ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیے کے درمیان تعلقات، تجارت، ثقافت اور امن سے متعلق امور پر گفتگو کی۔
ملاقات کے دوران مریم نواز نے بھارت کی حالیہ جارحیت کے خلاف پاکستان کی حمایت کرنے پر ترکیے کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ "صدر ایردوان کا یہ کہنا کہ وہ ہمیشہ پاکستان کے ساتھ ہیں، پاکستانیوں کے دلوں میں بس چکا ہے۔ ہم اس غیر مشروط حمایت کو کبھی نہیں بھولیں گے۔"
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترکیے کے عوام کے لیے پاکستانی دلوں میں محبت اور عقیدت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ترکیے نہ صرف اتحادی ہیں بلکہ ایمان، ثقافت اور تاریخ کے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے بھائی ہیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا اور اشتراک عمل کو وسعت دے کر پاک ترک تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے گا۔
ملاقات میں دونوں جانب سے اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ تعلیمی، ثقافتی اور عوامی روابط کو مزید بڑھایا جائے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان قربت اور مضبوط ہو۔