کشمیر کا مسئلہ ایٹمی جنگ کی وجہ بن سکتا ہے، برطانوی پارلیمنٹ کی رپورٹ

12:30 PM, 18 May, 2025

لندن : برطانوی پارلیمنٹ کی ایک تازہ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی اصل جڑ مقبوضہ کشمیر کا تنازع ہے، اور اگر یہ مسئلہ حل نہ ہوا تو خطہ کسی وقت بھی ایٹمی جنگ کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بھارت نے ایک بار پھر کشمیر میں ہونے والے ایک مشکوک واقعے کو جواز بنا کر پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کی، جس سے خطے کا امن خطرے میں پڑ گیا۔ اس کے مقابلے میں پاکستان نے تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین الاقوامی قوانین کے دائرے میں رہ کر جواب دیا۔

دستاویز میں کہا گیا ہے کہ بھارت دو طرفہ حل پر اصرار کرتا ہے جبکہ پاکستان مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھا کر بین الاقوامی کردار کی حمایت کرتا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کو مسلسل نظر انداز کر رہا ہے اور عالمی ثالثی کی کوششوں کو رد کرتا آیا ہے۔

برطانوی ماہرین نے اس بات پر تشویش ظاہر کی ہے کہ بھارت کی جارحانہ پالیسی اور طاقت کے ذریعے غلبے کی کوششیں جنوبی ایشیا کو ایک خطرناک نیوکلیئر تصادم کی طرف لے جا سکتی ہیں۔

رپورٹ کا کہنا ہے کہ  بھارت نے 7 اور 8 مئی کی درمیانی شب "آپریشن سندور" کے تحت پاکستانی شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 31 شہری جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوئے۔
اس کے جواب میں پاکستان نے "آپریشن بنیان المرصوص" کے ذریعے بھارت کے جدید دفاعی سسٹمز، میزائل ذخائر اور فضائی اڈوں کو تباہ کر دیا۔ رپورٹ کے آخر میں عالمی برادری، خاص طور پر امریکہ اور برطانیہ، سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ بھارت کی مسلسل جارحیت کا سخت نوٹس لیں، ورنہ مستقبل میں یہ تنازع دنیا کو بڑی تباہی کی طرف دھکیل سکتا ہے۔

مزیدخبریں