سدھو موسے والا کے تین سال بعد اے آئی ٹور کا اعلان

05:56 PM, 18 Mar, 2026

ممبئی: بھارتی پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کی وفات کے تین سال بعد ان کے مداحوں کے لیے ایک خاص خوشخبری سامنے آئی ہے، کیونکہ ان کے اے آئی ٹور کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق، سدھو موسے والا کی ٹیم نے ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر 'سائنڈ ٹو گاڈ' ٹور کا اعلان کیا، جس میں گلوکار کا ڈیجیٹل کردار اے آئی کی مدد سے دنیا بھر میں مداحوں کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق، اس ٹور میں سدھو موسے والا کا اے آئی ورژن مختلف ممالک میں پرفارم کرے گا، جن میں امریکا، کینیڈا، متحدہ عرب امارات، بھارت، برطانیہ، آسٹریلیا اور پاکستان شامل ہیں۔

پاکستان میں ٹور کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اپنی خوشی کا اظہار کیا اور اس اقدام کو مداحوں کے لیے ایک یادگار لمحہ قرار دیا۔

یاد رہے کہ سدھو موسے والا کو مئی 2022 میں بھارتی پنجاب میں لارنس بشنوی کے گینگ کے افراد نے قتل کر دیا تھا۔ ان کی موت بھارتی موسیقی کی تاریخ میں ایک نمایاں اور سنسنی خیز واقعہ کے طور پر یاد کی جاتی ہے۔

مزیدخبریں