وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی عرب کا دورہ، معاشی و سرمایہ کاری تعاون ایجنڈے میں شامل

09:18 PM, 18 Mar, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف 19 سے 22 مارچ تک سعودی عرب کے دورے پر جائیں گے، جہاں وہ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، اس دورے کا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا، معاشی تعاون کو فروغ دینا اور سرمایہ کاری میں اضافہ کرنا ہے۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، اہم وفاقی وزرا اور سینئر سرکاری افسران بھی شامل ہوں گے۔ اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات، سرمایہ کاری کے مواقع، اور مختلف شعبہ جات میں تعاون پر غور کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ، مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور فلسطین کے مسئلے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی اور سفارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔

سعودی عرب پاکستان کا ایک اہم اسٹریٹجک پارٹنر ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات تاریخی، مذہبی اور معاشی اہمیت کے حامل ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
 

مزیدخبریں