پاکستان تحریک انصاف نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا

12:22 PM, 18 Mar, 2025

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔ پارٹی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پی ٹی آئی نے یہ فیصلہ اپنے سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں کیا تھا اور پارٹی کا کوئی نمائندہ اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا۔ تاہم، خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور اس اجلاس میں شریک ہوں گے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کسی بھی آپریشن کے حق میں نہیں ہے اور ان کا مطالبہ ہے کہ عمران خان کو پے رول پر رہا کیا جائے تاکہ ملک میں فسطائیت کا خاتمہ کیا جا سکے۔

تحریک تحفظ آئین کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے بھی اجلاس کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ پاکستان اس وقت ایک خطرناک دور سے گزر رہا ہے اور انتخابات کے دوران جیتی ہوئی پارٹیوں کو زبردستی ہرا دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی سلامتی کے اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں کو شامل کیا جانا چاہیے اور عمران خان کو بھی اس میں بلایا جانا ضروری ہے۔

سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے بھی اس اجلاس کا بائیکاٹ کیا اور کہا کہ پاکستان کی خودمختاری کا مسئلہ ہے، اور بانی پی ٹی آئی کو اعتماد میں لیے بغیر عوامی حمایت حاصل نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آپریشن کے بجائے مذاکرات پر غور کرنا چاہیے۔ اس کے علاوہ، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے بھی سپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھا اور کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں