قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کیلئے مدعو رہنماؤں کی فہرست جاری

11:34 AM, 18 Mar, 2025

اسلام آباد : آج ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان کی سکیورٹی صورتحال پر تفصیل سے بات چیت کی جائے گی۔ عسکری قیادت پارلیمانی کمیٹی کو موجودہ سکیورٹی چیلنجز سے آگاہ کرے گی، جبکہ انٹیلی جنس اداروں کے سربراہ پارلیمانی رہنماؤں کو ملک کے داخلی اور خارجی معاملات پر بریفنگ دیں گے۔ اس اجلاس میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لانے کے بارے میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں مدعو کردہ رہنماؤں کی فہرست بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور گورنرز کو بھی دعوت دی گئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف سمیت 122 ارکان اجلاس میں شریک ہوں گے۔ اس کے علاوہ، سپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ بھی اجلاس میں شامل ہوں گے۔

مدعو رہنماؤں میں مولانا فضل الرحمان، عمر ایوب، مولانا عبدالغفور حیدری، صاحبزادہ حامد رضا، فاروق ایچ نائیک، سینیٹر راجا ناصر عباس، محمود اچکزئی، اختر مینگل، اسد قیصر اور زرتاج گل شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، ایمل ولی خان، خالد مقبول صدیقی، خالد مگسی، فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی سیاسی قیادت کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری کابینہ، چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز، آئی جیز اور دیگر اہم اداروں کے سیکرٹریز بھی شامل ہوں گے۔

مزیدخبریں