وزن کم کرنا مقصد نہیں تھا، بیماری کے باعث زیادہ کھانا ممکن نہیں:سمانتھا

11:56 PM, 18 Jun, 2026

ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کی مقبول اداکارہ سمانتھا رتھ پربھو نے اپنے کم ہوتے وزن پر ہونے والی تنقید اور سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جسمانی تبدیلی کے پیچھے صحت سے متعلق سنگین مسائل کارفرما تھے، نہ کہ کسی ڈائٹنگ کا شوق۔

اپنی نئی فلم ما انتی بنگارام کی تشہیری سرگرمیوں کے دوران سمانتھا نے بتایا کہ وہ گزشتہ چند برسوں سے آٹو امیون مرض "مایوسائٹس" کا سامنا کر رہی ہیں، جس کے باعث انہیں فلمی دنیا سے طویل وقفہ لینا پڑا۔

اداکارہ کے مطابق بیماری کے دوران انہیں اپنی خوراک پر انتہائی سخت پابندیاں لگانا پڑیں کیونکہ بعض غذائیں ان کی طبیعت کو مزید خراب کر دیتی تھیں اور بیماری کی علامات دوبارہ شدت اختیار کر لیتی تھیں۔ اسی وجہ سے وہ ایک محدود غذائی منصوبے پر عمل کرنے پر مجبور رہیں۔

سمانتھا نے کہا کہ ایک وقت ایسا بھی آیا جب وہ مسلسل دو سال تک تقریباً ایک ہی قسم کا کھانا کھاتی رہیں۔ بعد ازاں جب ڈاکٹروں نے انہیں کچھ نئی اشیا استعمال کرنے کی اجازت دی تو بغیر دودھ اور چینی سے تیار کیا جانے والا جیلاٹو ان کی پسندیدہ چیز بن گیا۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں یہ اتنا پسند تھا کہ اپنی پالتو بلی کا نام بھی "جیلاٹو" رکھ دیا۔

وزن میں کمی سے متعلق تبصروں پر اداکارہ نے کہا کہ لوگ اکثر ظاہری تبدیلی دیکھ کر رائے قائم کر لیتے ہیں، لیکن وہ اس حقیقت سے آگاہ نہیں ہوتے کہ ایک شخص کن طبی اور ذہنی مشکلات سے گزر رہا ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ یہ نہیں تھا کہ وہ کھانا نہیں چاہتی تھیں بلکہ بیماری کی وجہ سے بہت سی غذائیں ان کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتی تھیں۔

سمانتھا نے یاد دلایا کہ 2022 میں انہوں نے عوام کو اپنی بیماری کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔ ان کے مطابق حالیہ وقفے نے انہیں زندگی اور کیریئر کے حوالے سے نئے زاویے سے سوچنے کا موقع دیا اور وہ پہلے سے زیادہ مضبوط اور پُراعتماد ہو کر واپس آئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس عرصے میں انہوں نے اپنی بہت سی عادات اور کام کرنے کے طریقوں پر نظرثانی کی اور فیصلہ کیا کہ مستقبل میں اپنی صحت کو اولین ترجیح دیں گی۔

واضح رہے کہ سمانتھا رتھ پربھو کی فلم ما انتی بنگارام 19 جون کو ریلیز ہو رہی ہے۔ اداکارہ 2021 میں ناگا چیتنیا سے علیحدگی اختیار کر چکی ہیں جبکہ گزشتہ برس انہوں نے راج ندی مورو کے ساتھ نئی زندگی کا آغاز کیا۔
 
 
 

مزیدخبریں