ایرانی صدر کا وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ، پاکستان کے کردار کو سراہا

07:46 PM, 18 Jun, 2026

اسلام آباد: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے، جس میں دونوں رہنماؤں نے حالیہ امن معاہدے کے بعد کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق یہ رابطہ اسلام آباد امن معاہدے پر دستخط کے بعد دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان پہلا باضابطہ ٹیلیفونک رابطہ تھا۔ گفتگو کا دورانیہ 30 منٹ سے زائد رہا۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے نیک تمناؤں اور احترام کا اظہار کیا۔ انہوں نے امن معاہدے میں ایران کے کردار کو مثبت قرار دیتے ہوئے آئندہ مذاکراتی مرحلے کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بطور برادر اور ہمسایہ ملک ایران کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

اعلامیے کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے ثالثی کے عمل کو کامیاب بنانے میں کلیدی، مخلصانہ اور مؤثر کردار ادا کیا۔

ایرانی صدر نے پاکستان کی کوششوں کو قابلِ قدر قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان کی تعمیری اور مثبت حمایت کو ایران ہمیشہ یاد رکھے گا۔ انہوں نے پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں رابطے جاری رکھنے اور جلد ایک دوسرے کے ممالک کے دوروں پر اتفاق کیا۔
 
 
 

مزیدخبریں