اسحاق ڈار کا سندھ طاس معاہدے پر سخت مؤقف، بھارت پر یکطرفہ اقدامات اور خلاف ورزیوں کے الزامات

06:31 PM, 18 Jun, 2026

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کی مکمل پاسداری اور عالمی سطح پر ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے، جبکہ ماحولیاتی تبدیلی جیسے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی کے شدید اثرات سے متاثر ہیں، اس لیے عالمی برادری کو اس مسئلے پر فوری اور مشترکہ اقدامات کرنے چاہئیں۔

آبی امور کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے سندھ طاس معاہدہ کا ذکر کیا اور کہا کہ معاہدے پر مکمل عملدرآمد ضروری ہے۔ ان کے مطابق کسی بھی فریق کی جانب سے یکطرفہ اقدامات کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔

اسحاق ڈار نے الزام عائد کیا کہ بھارت کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی اور پانی کو دباؤ کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش خطے کے امن کے لیے خطرناک ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے عوام کے آبی حقوق کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تمام دوطرفہ تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کو ہی واحد راستہ سمجھتا ہے، تاہم خطے میں امن و استحکام کے لیے بین الاقوامی قوانین کی پاسداری ناگزیر ہے۔

مزیدخبریں