اسلام آباد: بلوچستان میں سرگرم تنظیم بی ایل اے کی کارروائیوں کو علاقائی رابطوں اور عالمی تجارت کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا جا رہا ہے۔
عالمی جریدے ٹی آر ٹی ورلڈ کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان کی اہم شاہراہیں اور تجارتی راہداریاں حملوں کے باعث غیر محفوظ زون کی شکل اختیار کر چکی ہیں، جس سے ٹرانسپورٹ اور تجارتی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بی ایل اے کی کارروائیوں کا ہدف بنیادی طور پر علاقائی رابطوں اور ترقیاتی منصوبوں کو نقصان پہنچانا ہے، جبکہ ٹرینوں، شاہراہوں اور مال بردار گاڑیوں پر حملے مقامی معیشت اور روزگار کے مواقع کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہے ہیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ صورتحال کے باعث نہ صرف اندرونی سکیورٹی چیلنجز بڑھ رہے ہیں بلکہ بین الاقوامی تجارت اور سرمایہ کاری کے ماحول پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکا، آسٹریلیا اور برطانیہ پہلے ہی بی ایل اے کو دہشت گرد تنظیم قرار دے چکے ہیں، جبکہ دیگر ممالک میں بھی اس حوالے سے پالیسی سطح پر غور و خوض جاری ہے۔