نیب کا اعظم سواتی کو طلبی کا نوٹس، کوہستان کرپشن سکینڈل میں تحقیقات جاری

08:32 PM, 18 Jun, 2025

پشاور: قومی احتساب بیورو (نیب) خیبر پختونخوا نے سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما محمد اعظم خان سواتی کو کوہستان میں سرکاری فنڈز میں مبینہ خرد برد سے متعلق انکوائری میں طلب کر لیا ہے۔ نیب کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق، سواتی کو 23 جون 2025 کو صبح 11 بجے نیب دفتر، حیات آباد، پشاور میں پیشی کا کہاگیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اعظم سواتی کے ذاتی بینک اکاؤنٹ میں سال 2024 میں میسرز کوہستان ایسوسی ایٹس اینڈ بلڈرز کی جانب سے مالی ادائیگی کی گئی، جس کا ریکارڈ انکوائری کے لیے اہم قرار دیا گیا ہے۔ نیب نے انہیں یہ ریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کی ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق کوہستان میں 40 ارب روپے کی مبینہ کرپشن کی تحقیقات جاری ہیں۔ الزامات میں جعلی چیکوں کے ذریعے سرکاری رقوم کی غیر قانونی نکلوائی اور خرد برد شامل ہے۔ اس معاملے پر خیبر پختونخوا حکومت نے نیب کو انکوائری کی باقاعدہ درخواست دی تھی، جس کے بعد وزیراعلیٰ کی زیر صدارت انکوائری کمیٹی بھی قائم کی گئی۔نیب نے خبردار کیا ہے کہ اگر نوٹس کی ہدایات پر عمل نہ کیا گیا تو نیب آرڈیننس 1999 کے تحت زبردستی کے اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ محمد اعظم سواتی ماضی میں وفاقی وزیر، سینیٹر اور مختلف سیاسی امور میں سرگرم رہ چکے ہیں، اور ان کا نام متعدد مواقع پر قانونی و سیاسی معاملات میں سامنے آتا رہا ہے۔

مزیدخبریں