پاکستان اور چین قریبی شراکت دار ہیں، سی پیک کو مزید ترقی دی جائے گی: چینی سفیر

06:22 PM, 18 Jun, 2025

اسلام آباد: پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان دیرینہ اور قریبی دوست ہیں، اور دونوں ممالک مل کر پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کو مزید وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔

اسلام آباد میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ سی پیک نہ صرف پاکستان اور چین کے باہمی تعاون کی علامت ہے بلکہ یہ خطے کی مجموعی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال چین نے پاکستان کو 20 ہزار ہیلتھ کٹس فراہم کی تھیں جبکہ رواں سال یہ تعداد بڑھا کر 50 ہزار کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (GDI) کا مقصد تمام ممالک کی مشترکہ ترقی کو فروغ دینا ہے۔

چینی سفیر کے مطابق، دونوں ممالک نے کئی ترقیاتی منصوبے کامیابی سے مکمل کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بجٹ میں شامل معاشی اعدادوشمار ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستان کی معیشت میں بہتری آ رہی ہے اور اس کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ مالی سال کے جائزے کے مطابق گزشتہ دہائی کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان تجارت میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی خواہش ہے کہ ترقیاتی شراکت داری کے فوائد دیگر ممالک تک بھی پہنچائے جائیں۔

جیانگ زائیڈونگ نے یہ بھی اعلان کیا کہ چین وسطی ایشیائی ممالک کے طالب علموں کے لیے تعلیمی وظائف میں وسعت دے گا تاکہ تعلیمی تعاون بھی مزید مضبوط ہو سکے۔

مزیدخبریں