عالمی سفارتکاری میں پاکستان کا منفرد مقام: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی صدر ٹرمپ اور امریکی کابینہ سے تاریخی ملاقات آج شیڈول

03:55 PM, 18 Jun, 2025

راولپنڈی: پاکستان  آرمی  کے فیلڈ مارشل  سید عاصم منیر، آج وائٹ ہاؤس میں صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ اور امریکی کابینہ کے تمام اراکین سے ایک تاریخی ملاقات کے لیے موجود ہوں گے۔یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کی فوجی قیادت کو امریکی ایوانِ صدر میں نہ صرف باضابطہ مدعو کیا گیا ہے بلکہ اس ملاقات میں کوئی سول وفد یا سیاسی نمائندگی شامل نہیں ہے۔
یہ اقدام پاکستان کی عسکری قیادت پر امریکی اعتماد اور جنوبی ایشیا میں اس کے بڑھتے ہوئے سٹریٹیجک کردار کا واضح اظہار ہے۔پاکستان کی تاریخ میں اس سطح پر کسی سپہ سالار کی امریکی صدر سے براہِ راست اور اعلیٰ سیاسی قیادت کے ساتھ ملاقات کی نظیر نہیں ملتی۔
اگرچہ جنرل پرویز مشرف نے امریکی صدور سے ملاقاتیں کیں، لیکن وہ بطور صدر پاکستان تھیں، نہ کہ بطور آرمی چیف۔
اسی طرح جنرل راحیل شریف (2015) اور جنرل قمر جاوید باجوہ (2022) نے واشنگٹن میں دفاعی حکام سے بات چیت ضرور کی، مگر وائٹ ہاؤس کی سطح پر سیاسی قیادت سے براہِ راست ملاقات کبھی ممکن نہ ہو سکی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی صدر ٹرمپ کے ساتھ ون آن ون لنچ اور کابینہ کے ساتھ اجتماعی ملاقات ایک غیر معمولی واقعہ ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ پاکستان کی عسکری قیادت کو بین الاقوامی سٹیج پر اب بطور مستقل سفارتی فریق تسلیم کیا جا رہا ہے۔
یہ پیش رفت پاکستان کی فوجی قیادت کے سفارتی کردار میں وسعت کا اشارہ ہے، جو اب صرف دفاعی معاملات تک محدود نہیں رہا۔ یہ ملاقات ایسے وقت ہو رہی ہے جب حالیہ پاک–بھارت کشیدگی کے بعد صدر ٹرمپ کی ثالثی میں ایک عارضی جنگ بندی عمل میں آئی ہے۔وائٹ ہاؤس میں پاکستان کی عسکری قیادت کی موجودگی اس امر کی غماز ہے کہ امریکہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی فوجی قیادت کو کلیدی حیثیت دے رہا ہے۔
مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی ایران–اسرائیل کشیدگی کے تناظر میں بھی پاکستان کی جغرافیائی و سٹریٹیجک اہمیت نمایاں ہو چکی ہے۔امریکہ کی پاکستان کے ساتھ براہِ راست عسکری سطح پر اعلیٰ سطحی مشاورت اس بات کا ثبوت ہے کہ اسلام آباد کو اب واشنگٹن کی نئی علاقائی حکمت عملی میں ایک فعال اور قابلِ بھروسہ شراکت دار تصور کیا جا رہا ہے۔اس ملاقات کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ یہ ایک خالص عسکری قیادت پر مبنی سفارتی رابطہ ہے، جس میں سیاسی قیادت مکمل طور پر غیر موجود ہے۔
یہ عسکری اداروں پر داخلی اور خارجی سطح پر اعتماد کا عملی مظہر ہے اور پاکستان کے عالمی امیج میں تبدیلی کا عندیہ بھی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی وائٹ ہاؤس میں موجودگی صرف ایک شخصیت کی کامیابی نہیں بلکہ پورے ملک کے لیے اعزاز اور افتخار کی علامت ہے۔یہ ملاقات نہ صرف پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ایک نئی جہت ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے کردار کو ازسرنو تسلیم کیے جانے کا عندیہ بھی دیتی ہے۔

مزیدخبریں