وزیراعظم شہباز شریف کا ایران اور اسرائیل کی جنگ پر اظہار تشویش، عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ

03:00 PM, 18 Jun, 2025

اسلام آباد :وزیراعظم شہباز شریف نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کی موجودہ صورت حال کو بہت پریشان کن قرار دیا ہے اور عالمی برادری سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر جنگ بندی کے لیے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے پاکستان کے بھائی ملک ایران پر حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں بہت سے لوگ شہید اور زخمی ہو گئے ہیں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ انہوں نے اسی دن ایران کے صدر مسعود پزشکیان اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوان سے بات کی اور پاکستانی عوام کی طرف سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اس جنگ کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے غزہ کی حالت بھی بہت خراب اور افسوسناک بتائی، جہاں اسرائیلی حملوں میں پچاس ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں اور ہزاروں زخمی ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نائب وزیراعظم ترکی میں ہونے والے او آئی سی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اپنے بجٹ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اگلے مالی سال کے لیے کوئی نیا ٹیکس زراعت پر نہیں لگایا گیا، اور کسانوں کو سہولت دی جا رہی ہے۔ تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے اور تنخواہ دار طبقے کو ٹیکس میں بھی ریلیف دیا گیا ہے۔ ملک کی معیشت بہتر ہو رہی ہے اور مشکل حالات میں بھی ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے۔

آخر میں وزیراعظم نے افواج پاکستان کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہم پرعزم ہیں اور سکیورٹی اداروں کی ہر ممکن مدد کریں گے۔

مزیدخبریں