نفرت اور تعصب کو ہر جگہ شکست دینی ہے ، وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز

04:32 PM, 18 Jun, 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نفرت انگیز تقاریر کے انسداد کے عالمی دن پر کہا ہے کہ نفرت، تعصب اور تنگ نظری کو ہر محاذ پر شکست دینا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نفرت انگیز باتیں معاشروں میں تقسیم، فساد اور تشدد کو جنم دیتی ہیں، جو صرف ایک فرد نہیں بلکہ پوری انسانیت کے ضمیر پر حملہ ہیں۔

مریم نواز نے خاص طور پر اسلاموفوبیا کو نفرت کی سب سے خطرناک شکل قرار دیا، جس میں مسلمانوں کی شناخت، ان کے عبادت گاہوں اور گھروں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نفرت کا یہ سلسلہ عالمی امن کے لیے بڑا خطرہ ہے۔

انہوں نے عالمی برادری سے کہا کہ آزادی اظہار کے نام پر نفرت پھیلانے والوں کا احتساب کیا جائے اور ایسے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جو معاشروں کو بانٹنے کی کوشش کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ پاکستان میں کسی کو بھی نفرت پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور ملک میں محبت، برداشت اور ایک دوسرے کا احترام بڑھایا جائے گا تاکہ ہمارا معاشرہ پرامن اور مضبوط بنے۔

مزیدخبریں