ایران میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی، پی آئی اے کا خصوصی طیارہ اسلام آباد پہنچ گیا

10:08 AM, 18 Jun, 2025

اسلام آباد: ایران میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے پی آئی اے کا خصوصی طیارہ کامیابی سے اسلام آباد پہنچ گیا۔ 107 مسافر ترکمانستان کے شہر اشک آباد سے پی آئی اے کی پرواز PK-9552 کے ذریعے آج صبح تین بجے وطن واپس آئے۔

یہ پاکستانی شہری ایران میں جاری کشیدگی کے دوران وہاں پھنس گئے تھے، اور چونکہ ایرانی فضائی حدود بند ہے، اس لیے انہیں زمینی راستے سے ترکمانستان منتقل کیا گیا۔ اس تمام مرحلے میں تہران اور اشک آباد میں موجود پاکستانی سفارتخانوں نے کلیدی کردار ادا کیا۔

یہ خصوصی پرواز حکومتِ پاکستان کی ہدایت پر روانہ کی گئی تھی تاکہ اپنے شہریوں کو محفوظ طریقے سے واپس لایا جا سکے۔ وطن پہنچنے پر مسافروں نے حکومت اور قومی ایئرلائن کا شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کو بروقت اور قابلِ تعریف قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں قوم کے ساتھ کھڑے ہونا پی آئی اے کی شاندار روایت کا حصہ ہے۔

مزیدخبریں