امریکا کا غیر ملکی طلبہ اور صحافیوں کے ویزوں پر نیا نظام، قیام کی مدت محدود

03:21 PM, 18 Jul, 2026

واشنگٹن: امریکی انتظامیہ نے غیر ملکی طلبہ، ثقافتی تبادلہ پروگرام کے شرکاء اور صحافیوں کے ویزوں سے متعلق نئے قواعد کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت ویزوں کے اجرا اور توسیع کے طریقۂ کار میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

امریکی محکمۂ داخلی سلامتی کے مطابق نئے ضوابط کے تحت ایف، جے اور آئی ویزے اب مقررہ مدت کے لیے جاری کیے جائیں گے، جبکہ ویزے کی توسیع کے لیے درخواست گزاروں کو اضافی جانچ پڑتال کے مراحل مکمل کرنا ہوں گے۔

نئے قواعد کے مطابق غیر ملکی طلبہ اور تبادلہ پروگرام کے شرکاء کو زیادہ سے زیادہ 4 سال تک امریکا میں رہنے کی اجازت ہوگی۔ اس کے علاوہ غیر ملکی صحافیوں کے آئی ویزوں کی مدت 240 دن مقرر کی گئی ہے، جبکہ چینی صحافیوں کے لیے یہ مدت 90 دن ہوگی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ویزا توسیع کے لیے بائیومیٹرک تصدیق، پسِ منظر کی جانچ اور دیگر سیکیورٹی مراحل لازمی قرار دیے گئے ہیں۔

دوسری جانب ایف ون ویزا رکھنے والے طلبہ کے لیے امریکا چھوڑنے کی رعایتی مدت بھی 60 دن سے کم کرکے 30 دن کردی گئی ہے، جبکہ ایف اور جے ویزوں کی توسیع اب وفاقی منظوری سے مشروط ہوگی۔

امریکی حکام کے مطابق نئے ضابطے کو فیڈرل رجسٹر میں اشاعت کے بعد مقررہ قانونی مراحل مکمل ہونے پر نافذ کیا جائے گا۔

مزیدخبریں